حیدرآباد۔2دسمبر(اعتماد نیوز)
پارليمنٹ کى کارروائى شروع ہونے سے پہلے کانگريس اور ترنمول کانگريس کے تقريباً پچاس سے زائد ممبران نے آج پارليمنٹ کے احاطے ميں مودى حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازى کى اور اس پر عوام کے ساتھ ہر معاملے ميں دھوکہ دينے کا الزام لگايا۔ ايک طرف پارليمنٹ کے گيٹ پر ترنمول کانگريس کے تقريباً بيس سے زائد ممبران مودى حکومت کے خلاف نعرے بازى کررہے تھے تو ٹھيک ان کے سامنے بابائے قوم مہاتما گاندھى کے مجسمے کے پاس تقريباً 30 سے 35 کانگريسى ارکان
پارليمان بى جے پى حکومت کو چھ مہينے ميں يو ٹرن کى حکومت بتاتے ہوئے نعرے بازى کررہے تھے۔
ترنمول کانگريس کے ممبران پارليمنٹ کے داخلى دروازے پر اس طرح کھڑے تھے کہ کوئى پارليمنٹ ميں داخل نہيں ہوسکتا تھا۔ وہ مودى سرکار مردہ باد اور وندے ماترم کے بھى نعرے لگارہے تھے۔ ان کے سامنے کانگريس کے ممبران پارليمنٹ بھى مودى حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے کالا دھن کے معاملے پر بى جے پى کے يو ٹرن پر تنقيد کررہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ چھ مہينے کے اندر ہى حکومت کى اصليت سامنے آگئى اور مودى کى پول کھل گئى۔